ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سی بی آئی نے منی پور کے سابق وزیر اعلی ایبوبی سنگھ کو سمن بھیجا

سی بی آئی نے منی پور کے سابق وزیر اعلی ایبوبی سنگھ کو سمن بھیجا

Tue, 23 Jun 2020 22:51:28    S.O. News Service

نئی دہلی، 23 جون (آئی این ایس انڈیا) سی بی آئی نے کانگریس کے لیڈر اور منی پور کے سابق وزیر اعلی ایبوبی سنگھ کو 2009 اور 2017 کے درمیان مبینہ طور پر 332 کروڑ روپئے کے بدعنوانی کے معاملے میں پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا ہے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ معاملہ اس وقت کا ہے جب سنگھ منی پور ڈویلپمنٹ سوسائٹی (ایم ڈی ایس) کے صدر تھے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کی ایک ٹیم ان سے اور دیگر سے پوچھ گچھ کے لئے امپھال پہنچی ہے۔ بدھ کے روز ان افراد سے ایجنسی کے دفتر میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔

سی بی آئی نے گذشتہ سال 20 نومبر کو ریاست کی بی جے پی حکومت کی درخواست پر اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ عہدیداروں کے مطابق یہ الزام لگایا گیا ہے کہ سنگھ نے جون 2009 اور جولائی 2017 کے درمیان سوسائٹی کے صدر کی حیثیت سے دوسروں کے ساتھ ترقیاتی کاموں کے لئے موصول ہونے والے 518 کروڑ روپوں میں سے تقریبا 332 کروڑ روپئے کا ناجائز استعمال کیا۔

سنگھ کے علاوہ سی بی آئی نے اس معاملے میں ایم ڈی ایس کے تین سابق چیئرمین ڈی ایس پونیا، پی سی لمبوکنگا، اے ناباکیشور سنگھ کو بھی نامزد کیا ہے۔ تینوں سابق آئی اے ایس آفیسر ہیں۔ ایف آئی آر میں سوسائٹی کے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر وائی ننگتھم سنگھ اور اس کے انتظامی افسر ایس رنجیت سنگھ کا بھی نام ہے۔ دیگر ملزمان کو بھی جلد پوچھ گچھ کے لئے بلایا جائے گا۔


Share: